تازه خبریں

عیدالاضحیٰ پر علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام

عید الاضحی : حضرت ابراہیمؑ و اسماعیلؑ کی قربانی اطاعت و ایثار کا عظیم نمونہ ہے قائد ملت جعفریہ پاکستان

حضرت ابراہیمؑ و اسماعیلؑ کی یہ لازوال قربانی اطاعت و ایثار کا عملی اور حسین نمونہ ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد نقوی

راولپنڈی/اسلام آباد 26 مئی 2026ء:( جعفریہ پریس پاکستان ) سربراہ اسلامی تحریک قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اگر ہر قربانی کے وقت اعلیٰ ہدف پیش نظر ہو تو قربانی قبول ہوتی ہے اور اس کے فوائد و اثرات بھی ظاہر ہوتے ہیں، ورنہ یہی قربانی جان، مال، عزت اور وقت کا ضیاع تصور ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ قربانی کا مظہر انسان کے فطری اور معاشرتی تقاضوں کے پیش نظر ایک رسم کی صورت اختیار کر لیتا ہے لیکن یہ رسوم اصل ہدف نہیں ہوتیں بلکہ قربانی کے حقیقی اہداف کے حصول کا ذریعہ ہوتی ہیں۔ قربانی اور دیگر صالح اعمال کو صرف رسموں تک محدود کردینے سے اصل مقصد اوجھل ہوجاتا ہے جس سے قربانی کی حقیقی قدر و قیمت باقی نہیں رہتی۔

آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دن نماز کی ادائیگی کے ساتھ جانور قربان کرنے کی رسم ادا کی جاتی ہے لیکن جانوروں کی قربانی دراصل ایک علامت ہے جو یہ درس دیتی ہے کہ اگر خدا کی راہ میں اپنی ہر قیمتی چیز قربان کرنا پڑے تو کسی قسم کی ہچکچاہٹ اور گریز نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے احکامات خداوندی کی پیروی اور خدا کے نظام کے استحکام کا ذریعہ سمجھ کر ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت ابراہیمؑ و اسماعیلؑ کی یہ لازوال قربانی انسانیت اور اسلام سے وابستہ افراد کیلئے اطاعت و ایثار کا عملی اور حسین نمونہ ہے تاکہ وہ اپنے مفادات، ذاتی خواہشات، غلطیوں، کوتاہیوں اور خطاؤں کو قربان کرنے کے بعد جانور کی قربانی کریں۔

سربراہ اسلامی تحریک قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ قربانی کرتے وقت یہ نظریہ ہرگز نہیں ہونا چاہیے کہ خدا کے حضور قربان کردہ جانور کا گوشت، پوست اور خون پہنچتا ہے بلکہ اصل اہمیت نیت، ایثار، خلوص اور جذبے کی ہے جو خدا کے حضور پیش ہوتا ہے، لہٰذا عیدالاضحیٰ مناتے وقت اس خاص امر کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ دور حاضر میں غزہ، فلسطین، کشمیر، ایران اور دیگر اسلامی خطوں میں استعمار و سامراج کا نشانہ بن کر قربانیاں پیش کرنے والوں کو یاد رکھتے ہوئے عیدالاضحیٰ کے اس بابرکت موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم انبیاء کرامؑ، ائمہ معصومینؑ اور شہدائے اسلام کی قربانیوں خصوصاً حضرت ابراہیمؑ و اسماعیلؑ کی قربانی سے الہام لیتے ہوئے عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے راہ متعین کریں گے۔

آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد اور ترقی میں رکاوٹ بننے والے عوامل، بحرانوں، چیلنجز اور مشکلات کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔