تازه خبریں

سید حسن نصراللہ شہید قدس کی دوسری برسی پر علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام

سید حسن نص–راللہ شہید قدس، تمام عمر بیت المقدس کیلئے وقف کی، قائد ملت علامہ ساجد نقوی

راولپنڈی/اسلام آباد، 27 ستمبر 2026ء: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ شہید حسن نصراللہ شہیدِ قدس ہیں، تمام عمر بیت المقدس کی آزادی، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کیلئے وقف کی، ظالم کے مقابل کھڑا ہونا اور مظلوم کا ساتھ دینا ہی مقاومت و مزاحمت ہے جس کی سرخیل شہید حسن نصراللہ تھے۔

ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہید سید حسن نصراللہ کی دوسری برسی پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے سابق امین عام، ممتاز و باعمل عالم دین، مجاہد اسلام سید حسن نصراللہ کو شہید قدس قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ان کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان، البتہ شہید کا لہو مقاومت کو زندہ رکھے گا۔

انہوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ اسلام کی سربلندی، مظلوموں کے دفاع اور ظلم و استکبار کے خلاف جدوجہد کے لیے وقف کر دیا۔ حضرت علیؑ کے فرمان ”کُونُوا لِلظَّالِمِ خَصْمًا وَلِلْمَظْلُومِ عَوْنًا” میں ہمیں واضح رہنمائی ملتی ہے: ظالم کے مقابل کھڑا ہونا اور مظلوم کا ساتھ دینا سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ایک عمل ہے بلکہ ایک نظریہ، ایک فکر اور ایک عقیدہ ہے جو حالات کے بدلنے سے تبدیل نہیں ہوتا، اس کا طریق بدل سکتا ہے مگر اس کی بنیاد مستقل رہتی ہے۔ مزاحمت و مقاومت میں حالات کے تقاضوں کے مطابق حکمتِ عملی اپنائی جاتی ہے مگر مقصد و موقف پر ثابت قدمی برقرار رکھی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید مقاومت سید حسن نصراللہ کا راستہ غیرتِ اسلامی و غیرتِ ایمانی اور ایک مضبوط نظریہ کا راستہ ہے، جس پر جان جانِ آفریں کے سپرد ہوتی ہے مگر وقت کے استکبار، سامراج و صہیون کے سامنے سرنگوں نہیں ہوتا۔ آج عالم اسلام سمیت پوری انسانیت کو اسی استکبار، سامراج، صہیون کی جفاکشی و نسل کشی کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیت المقدس ہو یا حرمین شریفین، ان کی حرمت تمام انسانیت خصوصاً عالم اسلام کیلئے لازم ہے۔ شعائر اسلام کسی بھی قسم کی سیاسی، مذہبی، مسلکی تفریق سے بالاتر ہیں۔ امت مسلمہ اتحاد و وحدت کی اس رسی کو تھامے جس کی جانب قرآن پاک کے آفاقی پیغام نے رہنمائی فرمائی، یہی کامیابی کا راستہ ہے۔