ڈاکٹر علی لاریجانی اور ان کے فرزند کی شہادت سامراجی عزائم کا نتیجہ ہے : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
شہادتوں سے انقلاب مزید مضبوط ہوگا، ایرانی قیادت اور عوام سے اظہار تعزیت
راولپنڈی / اسلام آباد 18 مارچ 2026ء ( جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ایران کی ممتاز سیاسی و قومی شخصیت ڈاکٹر علی لاریجانی اور ان کے فرزند مرتضیٰ لاریجانی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی قیادت اور عوام سے تعزیت کی ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ڈاکٹر علی لاریجانی اور ان کے فرزند کی شہادت سامراجی و صہیونی عزائم کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویلین آبادی اور توانائی تنصیبات کے بعد اعلیٰ شخصیات کو نشانہ بنانا دشمن کے مذموم مقاصد کو بے نقاب کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ میں شہید ڈاکٹر علی لاریجانی کا عزم، استقلال اور بہادری قابل تحسین ہے اور اس طرح کی قربانیاں کسی بھی تحریک یا انقلاب کو کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط بناتی ہیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اور ایرانی قوم سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔