تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی علامہ سید عبد الجلیل نقوی اور پروفیسر خادم حسین لغاری کی برسی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے۔

علامہ سید عبد الجلیل نقوی اور پروفیسر خادم حسین لغاری کی برسی | قائد ملت جعفریہ پاکستان

راولپنڈی/اسلام آباد، 8 جنوری 2026ء – قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما اور ممتاز عالم دین علامہ سید عبد الجلیل نقوی کی 8 ویں برسی اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما و ماہر تعلیم و سماجی شخصیت پروفیسر خادم حسین لغاری کی 9 ویں برسی کے موقع پر دینی، ملی، سماجی اور سیاسی خدمات کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اپنے بیان میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ مشکل اور نامساعد حالات میں ملت کی فلاح اور ملک میں اتحاد و وحدت کے فروغ کے لیے علامہ سید عبد الجلیل نقوی کی جدوجہد کو ایک بڑا طبقہ تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے ملی امور کی انجام دہی اور ملک میں وحدت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

اسی طرح پروفیسر خادم حسین لغاری نہ صرف ماہر تعلیم بلکہ ایک متحرک سماجی و سیاسی شخصیت تھے جنہوں نے نادار اور مستحق طلبہ کو تعلیم فراہم کرنے کے لیے قابل ذکر کوششیں کیں اور رفاہی و فلاحی شعبوں میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔

ان شخصیات کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ ان کی وفات نہ صرف ان کے خانوادے کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے بلکہ ملی و قومی سطح پر بھی خلا کا باعث ہے۔