اسلامک ایمپلائیز ویلفیئر آرگنائزیشن پاکستان صوبہ سندھ کے مجلس عاملہ کا اہم اجلاس 9 مئی 2026 کو کلہوڑا ہاؤس کانچ میل حیدرآباد میں مرکزی مشاورتی کونسل کے چیئرمین جناب امجد ریاض کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی صدر اسلامک ایمپلائیز ویلفیئر آرگنائزیشن پاکستان جناب ساجد حسین بھیو نے خصوصی شرکت کی جبکہ قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے تنظیمی فعالیت، اتحاد، تنظیم نو اور ملازمین کے مسائل کے حل پر خصوصی زور دیا۔
صوبہ سندھ کے آرگنائزر جناب سہیل ساجد نے تلاوت قرآن پاک کے بعد اپنے تعارفی خطاب میں کہا کہ قائد محترم آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر پورے پاکستان کی طرح سندھ میں بھی اسلامک ایمپلائیز ویلفیئر آرگنائزیشن پاکستان کی تنظیم نو اور انتخابی عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں حیدرآباد ڈویژن، میرپورخاص ڈویژن، نواب شاہ، سکھر ڈویژن اور سندھ بھر کے مختلف اضلاع کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور اراکین مجلس عاملہ نے شرکت کی اور اپنی تنظیمی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس کے دوران قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے ملازمین کے حقوق، تنظیمی وحدت، دینی و ملی خدمات اور کارکنان کے فعال کردار کو ناگزیر قرار دیا۔
صوبائی صدر کے انتخاب کے لیے سابق صوبائی صدر سعید اللہ حیدری اور ڈویژنل صدر حیدرآباد ڈاکٹر عاشق علی انڑ کے نام پیش کیے گئے، تاہم سعید اللہ حیدری نے ڈاکٹر عاشق علی انڑ کے حق میں دستبرداری کا اعلان کردیا، جس کے بعد مرکزی صدر جناب ساجد حسین بھیو نے ڈاکٹر عاشق علی انڑ کو بلا مقابلہ صوبائی صدر منتخب ہونے کا اعلان کیا۔
اجلاس کے موقع پر اراکین مجلس عاملہ نے نو منتخب صوبائی صدر ڈاکٹر عاشق علی انڑ کو مبارکباد پیش کی اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ بعد ازاں ڈاکٹر عاشق علی انڑ نے اپنی صوبائی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے برادر صفدر حسین کو صوبائی سینئر نائب صدر، سعید اللہ حیدری کو صوبائی جنرل سیکرٹری اور سید حسنین کاظمی کو صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نامزد کیا جبکہ مرکزی صدر ساجد حسین بھیو نے نو منتخب کابینہ سے حلف بھی لیا۔
اجلاس سے مرکزی مشاورتی کونسل کے چیئرمین جناب امجد ریاض اور سابق صوبائی جنرل سیکرٹری برادر شکیل رضا صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ اپنے اختتامی خطاب میں نو منتخب صوبائی صدر ڈاکٹر عاشق علی انڑ نے تمام اراکین مجلس عاملہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ بھر میں اسلامک ایمپلائیز ویلفیئر آرگنائزیشن پاکستان کی تنظیم نو کو بھرپور انداز میں مکمل کیا جائے گا اور ملازمین کے مسائل کو اولین ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے مؤثر کردار ادا کیا جائے گا۔







