تازه خبریں

علامہ سید ساجد علی نقوی کا حضرت علیؑ کی شہادت کے موقع پر پیغام

حضرت علیؑ کی شہادت تاریخ کا سانحۂ کبریٰ ہے: قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی

حضرت علیؑ کی شہادت رحلتِ پیغمبرؐ کے بعد تاریخ کا سانحۂ کبریٰ ہے: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی

حضرت علیؑ کا مشن قرآنی تعلیمات کی تاویل و تشریح اور عادلانہ نظام کا نفاذ تھا، پاکستان کے مسائل کا حل بھی انصاف پر مبنی نظام میں ہے

راولپنڈی / اسلام آباد 10 مارچ 2026ء ( جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 21 رمضان المبارک کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت علی ابن ابی طالبؑ کی شہادت رحلتِ پیغمبرؐ کے بعد تاریخ کا سانحۂ کبریٰ ہے، چنانچہ 19 رمضان کو ابن ملجم کی ضرب کے بعد آسمان و زمین کے درمیان یہ صدا بلند ہوئی “تھدمت واللہ ارکان الہدیٰ”، خدا کی قسم ہدایت کے ستون گر گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ مقدس مشن کیلئے جدوجہد جاری رہنی چاہیے اگرچہ اس راستے میں جان کی قربانی بھی دینی پڑے۔ اس کے ساتھ ہمیں اس طرف بھی توجہ دینی چاہیے کہ شہید ہونے والی شخصیت کے مشن کے خدوخال کیا تھے تاکہ اسے زندہ رکھنے کی جدوجہد کی جائے۔

رسول اکرم ۖ نے فرمایا تھا اے علی میں نے تنزیل پر جنگ کی ہے آپ تاویل پر جنگ کریں گے
حضرت علیؑ کا مشن قرآنی تعلیمات کی تاویل و تشریح اور ہر سطح پر عادلانہ نظام کا نفاذ تھا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل بھی شفاف، منصفانہ اور عادلانہ نظام میں مضمر ہے جس میں امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کے مثالی دور کے اصولوں سے استفادہ کرتے ہوئے ظلم کا نام و نشان مٹایا جائے، تجاوز کا خاتمہ کیا جائے اور تمام شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق دستیاب ہوں۔

طبقاتی تقسیم اور تفریق کا خاتمہ کیا جائے، اتحاد و وحدت اور اخوت و رواداری کا عملی مظاہرہ ہو، انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ منافرت کا وجود ہی باقی نہ رہے، امن و خوشحالی کا دور دورہ ہو، معاشی نظام قابلِ تقلید ہو اور معاشرتی سطح پر امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے ذریعے معاشرہ اس قدر بلند ہو جائے کہ دنیا کے دوسرے معاشرے اس کی پیروی کو اپنے لیے اعزاز سمجھیں۔