(لاہور): جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر حسن عباس نے 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وطن عزیز ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں اور انتھک محنت کاثمر ہے آج کے دن ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان بنانے کی قرارداد پیش کی تھی اور ایک آزاد خود مختار اسلامی ملک بناننے کا عہد کیا تھا لیکن ان قربانیوں کو فراموش کرنے کی وجہ سے آج ملک دور ستم گر سے گزر رہا ہے ہر طرف دہشت گردی، انسان کشی کا بازار گرم ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی سا لمیت و وقار کے لئے کوشش کی جائے،آپس کے اختلافات بھلا کر اتفاق و اتحاد کی برکت سے پاکستان کی ترقی و امن کے لئے حتی الوسع کوشش کی جائے۔ہم ذاتی مفاد کی بجائے ملکی مفاد کواپنا اولین فریضہ سمجھیں۔
آج ہم علامہ اقبال اور قائد اعظم رح جیسی شخصیات کے فلسفہِ آزادی پر عمل کرتے ہوئے ان مشکلات سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں، کیوں کہ یہ ہستیاں جذبہ انسانیت اور حب الوطنی سے سرشار تھیں، آج یوم پاکستان ہے اور یہ دن تجدید عہد کا دن ہے،ہمارے بزرگوں نے قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا،آج کا دن لاکھوں شہداء پاکستان سے تجدید عہد کا دن ہے،آج ہم ان قومی ہیروز اور شہداء سے عہد کرتے ہیں کہ ہم اچھی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک سے ظلمت کے اندھیروں کا خاتمہ کریں گے اور اس میں انصاف اور ترقی کے دیے روشن کریں گے۔
دعا ہے کہ وطن عزیز ہمیشہ سلامت رہے، یہ پرچم اونچارہے اور اس پہ کوئی آنچ نہ آئے۔
پاکستان پائندہ باد
پاکستان زندہ باد