دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں یہ انسانیت کے دشمن ہیں،علامہ عارف واحدی
دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کیخلاف قوم متحد ہے،مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان
سانحہ میں ملوث افراد اور انکے سہولت کاروں کا سراغ لگا کر قانون کے کٹہرے میں لاتے ہوئے تختہ دار پر لٹکایا جائے
اسلام آباد/راولپنڈی 26اکتوبر 2016ء ( ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے تکفیری شدت پسند گروہ کی جانب سے کوئٹہ میں پولیس کے ٹریننگ سنٹر پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نے اپنے رد عمل میں کہا کہ عرصہ دراز سے افغانستان کے راستے پاکستان میں کارروائیاں اور دہشت گردی جاری ہے اور بے گناہ لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے امن کے ہی نہیں بلکہ انسانیت کے بھی دشمن ہیں۔علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے سانحہ نے قوم کے دلوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ یہ سانحہ ملک کے خلاف سازشوں کا ایک حصہ ہے لیکن ایسی سازشوں کا مقابلہ قوم اتحاد و اتفاق سے ہی کر سکتی ہے اس حوالے سے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔علامہ عارف واحدی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کیخلاف قوم متحد ہے۔علامہ عارف حسین واحدی نے کوئٹہ سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک قومی سانحہ ہے قانون نافذ کر نیوالے ادارے واقعہ میں ملوث افراد اور انکے سہولت کاروں کا سراغ لگا کر قانون کے کٹہرے میں لاتے ہوئے تختہ دار پر لٹکایا جائے ۔آخر میں اننہوں نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان مطالبہ کرتی ہے کہ سانحہ کوئٹہ واقعہ کی تحقیاتی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائیں کہ اس سانحہ کے پیچھے کون لوگ ملوث ہیں ،انہیں ٹریننگ کس نے دی ؟ ان کے سہولت کاروں میں کون کون سے افراد شامل ہیں ؟کون کون سے شدت پسند جماعتیں ان کو نر سری مہیا کر رہی ہیں ؟ ان شدت پسندوں کو مالی امداد کہاں سے آتی ہے اور کن ہاتھوں سے آتی ہے ؟ پاکستان میں انہیں کون لاجسٹک سپورٹ مہیا کر تا ہے ؟ پاکستانی ادارے انہیں ختم کیوں نہیں کر پائے ؟شہداء کے ورثا سوال کرتے نظر آئے کہ ہمارے بچوں کا کیا قصور تھا ؟ انہیں کیوں مارا گیا ؟ حکومت دہشتگردوں کا صفایا کیوں نہیں کر سکی اور ہم کب تک اپنے بچوں کے جنازے اُٹھاتے رہیں گے ؟ یہ تمام سوالوں کے جوابات پاکستانی قوم جاننا چاہتی ہے ۔اس ملک میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ بند کی جائے اور نیشنل ایکشن پلان کو اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ اداروں میں موجود تکفیری مائنڈ سیٹ رکھنے والوں کے خلاف بھی کو مبنگ آپریشن کیا جائے ۔