تازه خبریں

علامہ سبطین حیدر سبزواری کی سید اظہار بخاری سے ملاقات اہم تنظیمی و قومی امور پرمشاورت

جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اور بزرگ عالم دین علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہار بخاری سے راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں اہم ملکی اور قومی امور کے علاوہ تنظیمی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ دونوں رہنماؤں نے شیعہ علماء کونسل کی فعالیت اور قومی جماعت کی حالیہ تنظیمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں جماعت کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے مختلف نکات پر بات کی۔
علامہ سبطین حیدر سبزواری اور سید اظہار بخاری نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کی سیاسی پالیسیوں بالخصوص گلگت بلتستان میں آمدہ عام انتخابات کے حوالے سے تازہ صورت حال پر غور کیا اور ان انتخابات کو ملی اور قومی سفر کی ایک حسین اور خوبصورت پیش رفت قرار دیا جس کے ذریعے نہ صرف قومی جماعت کا وقار بلند ہوگا بلکہ تشیع کی سیاسی حیثیت اور عزت میں اضافہ ہوگا۔ اس حوالے سے قائد ملت کے پر حکمت اور دور اندیشانہ طرز عمل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید کی گئی کہ قائد ملت قومی تقاضوں اور عوامی امنگوں کے مطابق فیصلہ سازی جاری رکھیں گے۔
دونوں رہنماؤں نے آمدہ مرکزی کنونشن کے بعد جماعت کو گراس روٹ لیول پر منظم ‘ مستحکم اور فعال کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور عہدیداروں اورکارکنوں کو احترام و مقام دینے کی ضرورت کا احساس کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اگر تمام عہدیداران و کارکنان مکمل ہم آہنگی اور یکسوئی کے ساتھ قومیات میں اپنا لازوال کردار ادا کرتے رہیں تو شیعہ علماء کونسل و اسلامی تحریک پاکستان ایک ایسی جماعت کے روپ میں سامنے آسکتی ہے جس کی قیادت بھی فعال ہوگی اور اس کے عہدیداران و کارکنان بھی متحرک و مستعد ہوں گے جن سے پورے پاکستان کی سیاسی و دینی جماعتیں استفادہ کرنے میں فخر محسوس کریں گی۔