انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے، ہوم ورک شروع کردیا، علامہ سبطین سبزواری
ضلعی تنظیموں سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی امیدواروں کے نام طلب کرلئے ہیں، اضلاع کے دورے مکمل ہوچکے ہیں، میڈیا سے گفتگو
لاہور (اسٹاف ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ انتخابات میں بھر پور انداز میں حصہ لیں گے۔ جس کے لئے ہوم ورک شروع کردیا گیا ہے۔ضلعی تنظیموں سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی امیدواروں کے نام طلب کرلئے ہیں۔ اس حوالے سے وہ خود 32 اضلاع کے دورے بھی کرچکے ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شیعہ علما کونسل ، پاکستان میں اسلام کے عادلانہ نظام کے لئے اپنی جدوجہدکو تیز کرے گی۔ جوکہ ملکی مسائل کا واحد حل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیاہے۔ تاکہ استعماری ایجنڈے کو ناکام بنایا جائے۔ اور اس حوالے سے ہمار ا ریکارڈ تاریخی ہے۔ ایک سوال پر علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ملت جعفریہ کی قومی قیادت صرف اور صر ف قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی ہیں۔ جنہوں نے تمام اسلامی تنظیموں کی سرپرستی کرتے ہوئے قائدین ملت جعفریہ سید محمد دہلوی، مفتی جعفر حسین اور شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے مشن کو آگے بڑھایا اور قوم کے باعث توقیر بنے ہیں۔ ان کی مخلصانہ قیادت کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ ملک میں اتحاد بین المسلمین فروغ پارہاہے۔ اور تکفیری دہشت گرد حرف غلط کی طرح مٹنے والے ہیں۔