جعفریہ پریس – وفاق المداس الشیعہ کے نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے تفتان میں زائرین اور کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی سلامتی پر شدید وار قرار دیا ہے ۔ بیرون ملک سے مرکزی دفتر کے نمائندے کیساتھ فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بلوچستان میں مسلسل دہشت گردی میں موجودہ اور سابقہ حکومتوں پر ایک جیسی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد شناخت شدہ ہیں اور انکے خلاف کارروائی بھی کی جا سکتی ہے لیکن تمام حکومتوں کی نرم پالیسیوں سے عوام کو سخت مایوسی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی سخت ہدایت کے باوجود دہشت گردوں کیخلاف موثر کارروائی کا نہ ہونا نہایت تشویشناک امر ہے۔ علامہ سید نیاز حسین نقوی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قرآنی احکامات پر عمل کرنے کو دہشت گردی کا حل قرار دیا ہے مگر سابقہ اور موجودہ حکومتیں دہشت گردوں کی سزاؤں پر عمل درآمد کرنے سے کترا رہی ہیں جس سے دہشت گردوں کے حوصلے بڑھ رہے ہیں۔ علامہ سید نیاز حسین نقوی نے شہداء زائرین اور سیکورٹی اہلکاروں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔