جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اس سال ماہ رمضان کو “احساسِ رمضان” کے مہینے کے نام سےمنا رہی ہے
“ماہ رمضان اپنی تمام تر برکتوں، سعادتوں، رحمتوں اور فضائل کے ساتھ جلوہ گر ہے۔ عالمی وباء کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر غربا و مساکین کا احساس کرنے کی ہماری ذمہ داری پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے
27 اپریل 2020ء (اسلام آباد) مرکزی صدر جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان برادر سید ذیشان حیدر شمسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماہ رمضان اپنی تمام تر برکتوں، سعادتوں، رحمتوں اور فضائل کے ساتھ جلوہ گر ہے۔ اِس عالمی وباء کے دوران غربا و مساکین کا احساس کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے جس نے پوری دنیا میں تباہی مچا رکھی ہے۔ اس وبا نے جہاں ایک انسانی المیہ کو جنم دیا ہےوہیں غریب طبقے کی معاشی حالت مزید ابتر ہو گئی ہے۔ انہوں نےکہا کہ روزہ کے ذریعہ ہمارے اندر ایسے غریب طبقے کا احساس پیدا ہونا چاہیئےجو مشکل کی اس گھڑی میں انتہائی معاشی بد حالی کا شکار ہیں، ہمیں اپنے آس پاس نظر دوڑانی چاہیئے کہ کوئی غربت و افلاس کی وجہ سے فاقہ کشی اختیار کرنے پر مجبور تو نہیں ہے۔ معاشرے میں ایسے لوگ موجود ہیں جو خالی پیٹ اور کُھلے آسمان تلے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ جن کے پاس کھانے کے لیے اچھی غذا، پینے کے لیے صاف پانی، سر چھپانے کے لیے گھر اور بدن ڈھانپنے کے لیے مناسب لباس جیسی بنیادی سہولیات بھی موجود نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جے ایس او کے کارکنان، لاک ڈاون کی موجودہ صورتحال میں غرباء و مساکین کا خصوصی خیال کریں اور ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔مرکزی صدر نے مزید کہا کہ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اس سال ماہ رمضان کو “احساسِ رمضان” کے مہینے کے نام سےمنا رہی ہے ۔