تازه خبریں

حالیہ واقعات بالخصوص سانحہ راولپنڈی ملک میں انتشار اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی سازش اور انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، ملی یکجہتی کونسل

جعفریہ پریس – ملی یکجہتی کونسل کا ایک خصوصی مشاورتی اجلاس نومنتخب سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ کے زیر صدارت کونسل کے مرکزی سیکریٹریٹ میں 18 نومبر  2013کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک میں پیش آنے والے حالیہ واقعات بالخصوص راولپنڈی میں پائی جانے والی کشیدگی کے بعد کی صورتحال زیر بحث آئی۔ راولپنڈی میں وقوع پذیر ہونے والے واقعات پر اظہار افسوس اور ان کے محرکا ت اور اسباب پر بات کی گئی ۔ اجلاس کے شرکا نے واقعے کو ملک میں انتشار اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی سازش قرار دیا۔
اس موقع پرملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ یہ واقعات انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی کئی بار کوششیں کی گئیں جو محب وطن عوام نے ناکام بنائیں۔ کوئٹہ کے واقعات اور کراچی میں علمائے کرام کی شہادتیں اسی سلسلے کی کڑیاں تھیں۔ انہوں نے علمائے کرام کو خراج تحسین پیش کیا کہ اس موقع پر صبروتحمل کا درس دیا اور پورا ملک کسی آگ کی نذر ہونے سے محفوظ رہا۔  امید ہے علماء کی کاوش سے جلد ہی حالات بہتر ہو جائیں گے۔
اجلاس میں صدر ملی یکجہتی کونسل صاحبزادہ ابو الخیر زبیر اور دیگر قائدین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ صورتِ حال اور مستقبل کے لیے ایسے کسی سانحے سے بچنے کے سلسلے میں اقدامات کے لیے  27 نومبر 2013 کو کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلایا جائے گا ۔ یہ اجلاس میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر منعقد کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں موجودہ حالات کے تناظر میں تمام مسالک کے مابین ہم آہنگی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے ۔ لیاقت بلوچ نے اجلاس میں بتایا کہ مختلف مذہبی جماعتوں سے ان کے روابط کا سلسلہ جاری ہے اور وہ مذکورہ اجلاس میں ملک کی تمام قابل ذکر دینی جماعتوں کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ایک مصالحتی کمیٹی تشکیل دی گئی جو متاثرین سے ملاقاتیں کرے گی اور مستقبل میں ایسے اقدامات سے بچنے کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔اس دوران مختلف شہروں میں مراکز کا دورہ کیا جائے گا جن کو حالیہ دنوں کے ہنگاموں میں نقصان پہنچا۔
اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ متاثرین کی اشک شوئی کی جائے اور متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔
ملی یکجہتی کونسل کے اس اجلاس میں کونسل کے نومنتخب سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کے علاوہ ملی یکجہتی کونسل کےنائب صدر آصف لقمان قاضی، کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر، اسلامی تحریک پاکستان  کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، جمعیت اتحاد علماء کے مرکزی راہنما مولانا عبد الجلیل نقشبندی، جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں محمد اسلم، جمعیت علمائے اسلام کے پیر عبدالشکور نقشبندی، مجلس وحدت المسلمین کے نائب سربراہ علامہ محمد امین شہیدی، وفاق المدارس شیعہ کے راہنما مولانا انیس الحسن اور مولانا سید زاہد حسین نقوی ، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل محمود الحسین چوہدری ، تحریک احیائے خلافت علیٰ منہاج النبوۃ کے مرکزی ذمہ دار قاضی ظفر الحق، مولانا ابو شریف، تنظیم العارفین کے عنایت اللہ قادری سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشایخ نے شرکت کی۔