( نمائندہ خصوصی قم المقدسہ) دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان قم کے اعلیٰ سطحی وفد، جس میں نمائندہ قائد محترم و دفتر کے مدیر حجۃ الاسلام سید اظہر حسین زیدی، نائب مدیر و مسئول دفتر حجۃ الاسلام سید مسرت اقبال زیدی، مسئول تعلقات عامہ حجۃ الاسلام سید حسین عسکری نقوی اور شعبہ زائرین کے مسئول سید ناصر عباس نقوی شامل تھے، آج بروز بدھ بتاریخ 14 دسمبر 2016، بہشت حضرت معصومہ قم کے رئیس سے انکے دفتر میں ملاقات کی.
دفتر قائد ملت جعفریہ قم کے مدیر جناب حجۃ الاسلام مولانا سید اظہر حسین زیدی صاحب نے بہشت حضرت معصومہ قم کے رئیس کا بذریعہ مکتوب شکریہ ادا کیا جنکے تعاون سے پورے سال ایران میں فوت پانے والے زائرین اور طلاب کو بغیر کسی مالی اخراجات کے تجھیز و تدفین کا بندوبست کیا جاتا ہے. مدیر دفتر نے دفتر کے دیگر شعبوں اور انکی علمی و ثقافتی فعالیتوں سے بھی وکیلی صاحب کو آگاہ کیا.
بہشت حضرت معصومہ قم کے رئیس جناب عبد الحمید وکیلی نے نمائندہ ولی فقیہ و قائد ملت جعفریہ پاکستان قم دفتر کے وفد کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے زائرین بالخصوص ورثائے متوفی کے تمام مسائل کو غور سے سنا اور فوت ہونے والے زائرین کے ورثا کو درپیش قانونی مشکلات حل کرنے میں دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان قم کے ساتھ مزید تعاون کو یقینی بنایا. جناب وکیلی صاحب نے اپنے دعائیہ کلمات کے آخر میں نمائندہ ولی فقیہ و قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیۃ اللہ سید ساجد علی نقوی کی صحت و سلامتی کیلئے دعا کی اور سے تاکید سے کہا کہ قائد محترم تک میرا خالصانہ سلام ضرور پہنچائیں. اس ملاقات میں انکے ہمراہ بہشت حضرت معصومہ قم کے ثقافتی امور کے انچارج جناب حجۃ الاسلام سیدی بھی موجود تھے.
دفتری ریکارڈ کے مطابق تقریبا 155 سال میں قم زیارت کیلئے مشرف ہونے والے ایک سو سے زائد زائر انتقال کر چکے ہیں جنہیں دفتر قائد ملت جعفریہ قم کے لیٹر پر بغیر کسی اخراجات کے غسل، کفن و دفن کا انتظام کیا گیا ہے.