تازه خبریں

ریاستی ادارے شیعہ ٹارگٹ کلنگ روکنے میں ناکام رہے، ڈی آئی خان کو فوج کے حوالے کیا جائے، علامہ سبطین سبزواری

ریاستی ادارے شیعہ ٹارگٹ کلنگ روکنے میں ناکام رہے، ڈی آئی خان کو فوج کے حوالے کیا جائے، علامہ سبطین سبزواری
دہشت گردی سے ثابت ہوا مختلف ناموں سے جاری آپریشن کا عوام کوفائدہ نہیں ہوسکا، شیعہ علما کونسل لاہور کے وفد سے گفتگو
لاہور(    ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے ڈیر ہ اسمٰعیل خان میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کا دہشت گردی کے واقعات روکنے میں ناکامی سے ثابت ہوگیا کہ مختلف ناموں سے جاری آپریشن کا کوئی فائدہ عوام کو نہیں ہوسکا۔ ایک عرصے سے شیعہ دہشت گردی کا شکار ہیں، مگر حکمرانوں اور اداروں کو تحفظ فراہم کرنے کی توفیق نہیں ہوسکی۔ ڈیرہ اسمٰعیل خان کو بھی کراچی کی طرح فوج کے حوالے کیا جائے۔وہ شیعہ علما کونسل لاہور کے صدر ملک شوکت علی اعوان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ شیعہ ٹارگٹ کلنگ کا جاری رہنا ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ راہ نجات، ضرب عضب ،اور اب رد الفساد کے نام سے آپریشن کئے گئے مگر ڈیرہ اسمٰعیل خان کو دہشت گردوں کے نرغے سے نکالا نہیں جاسکا، ان کارروائیوں میں شیعہ سب سے زیادہ نشانہ بنے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ کراچی آپریشن کے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں، ڈیرہ اسمٰعیل خان میں شیعہ جس عدم تحفظ کا شکار ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ضلع کو فوج کے حوالے کرکے مجرموں اور دہشت گردوں کے خلاف کراچی آپریشن جیسی کارروائیاں کی جائیں ۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ردالفساد آپریشن سے قوم کو بڑی توقعات وابستہ ہیں،نیشنل ایکشن پلان کی طرح متنازع بنانے سے بچانے کے لئے ریاستی اداروں اورصوبائی حکومتوں کے درمیان روابط اور اعتماد سازی کو بہترکیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عرصے سے پاکستان میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ جاری ہے، مگر انٹیلی جینس ادارے اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں، یہ مجرم کون ہیں، کہاں سے آتے اور کارروائی کرکے پھر کہاں چلے جاتے ہیں؟ ابھی تک قوم کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ اس پر توجہ نہ دی گئی تو ملکی سلامتی کو خطرات لاحق رہیں گے، جن کے خلاف اداروں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔