تازه خبریں

سانحہ تفتان میں شہید ہونے والے 3 ہزارہ مومنین کی ہزارہ ٹاون میں تشییع – دیگر21 شہداء کی میتوں کو کوہاٹ پہنچادیا گیا

جعفریہ پریس – سینکڑوں مومنین کی موجودگی میں سانحہ تفتان میں شہید ہونے والے 3 ہزارہ مومنین کو ہزارہ ٹاون میں تشییع کیا گیا اور نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس کے بعد لواحقین اور مومنین کی آہ و سسکیوں کے در میان شہداء کو مقامی قبرستان میں دفن کیا گیا ۔ جبکہ سانحے میں شہید ہونے والے دیگر 21 زائرین کی میتیں ان کے آبائی علاقہ کوہاٹ پہنچا دی گئیں۔ تفتان کے دو ہوٹلوں پر خودکُش حملوں میں 24 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوئے تھے۔ شہید ہونے والے تین افراد محمد رضا، چمن علی اور عبدالمجید کا تعلق کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹائون سے تھا، ان تینوں افراد کو ہزارہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ دیگر 21 زائرین کی میتیں کوئٹہ سےسی 130طیارےکے ذریعے پشاور اور وہاں ایمبولینسوں سے کوہاٹ کے نواحی علاقے چکرکوٹ سخت سیکورٹی میں منتقل کی گئیں۔ جاں بحق افراد کی تدفین ان کے آبائی علاقوں میں کی جائے گی۔