جعفریہ پریس – ملک بھرمیں شب عاشورکی مجالس کے بعد جلوس شبیہ علم وذوالجناح برآمد ہوئے اور اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگئے تاہم کراچی علاقے ناظم آباد میں ناگن چورنگی پر واقع امام بارگاہ زین العابدین کے قریب دستی بم سے حملہ کیا گیا ،حملہ کے باعث سیکیوریٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔۔ تفصیلات کے مطابق شب عاشور کے موقع پر نامعلوم افراد نے کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پر واقع امام بارگاہ زین العابدین (ع) پر اس وقت دستی بم سے حملہ کیا جب وہاں مجلس عزا جاری تھی، ملزمان نے دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمی ہونے والوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اس موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی نے کہا ہے کہ ناگن چورنگی برج سے نا معلوم دہشت گرد امام بارگاہ زین العابدین کے قریب دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ حملے کے باعث زور دار دھماکہ ہوا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ، دھماکے کے نتیجے میں امام بارگاہ کی سیکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار آصف زخمی ہو گیا جسے عباسی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری تعداد نے جائے وقوع پر پہنچ کر وہاں موجود افراد کو جائے وقو ع سے دور کیا اور علاقے کا گھیراوٴ کر کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا، بم دسپوزل اسکواڈ نے علاقے میں اسکینگ شروع کردی ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزمان کالے لباس میں ملبوث تھے۔ دوسری جانب امام بارگاہ میں معمول کے مطابق عزاداری کا سلسلہ جاری رہا۔
واضح رہے کہ 8 محرم الحرام کو پہاڑ گنج کے علاقے میں بھی تین بم دھماکے ہوئے جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔