ضلع کرم ، ہر آنیوالا دن پہلے سے زیادہ تشویشناک و خطرناک ہورہاہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان
خطے کی صورتحال پر صوبائی حکومت فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے اقدام اٹھائے، امن و امان کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت بھی اپنے ذرائع استعمال کرے، علامہ سید ساجد علی نقوی
اسلام آباد/راولپنڈی 26ستمبر 2024ء ( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ضلع کرم کی آئے روز بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے خطے کی صورتحال پر صوبائی حکومت فوری نوٹس لیتے ہوئے اقدام اٹھائے جبکہ امن و امان کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت بھی اپنے ذرائع استعمال کرکے ریاستی رٹ قائم کرے تاکہ لوگوں میں پھیلی ہوئی بے چینی،اضطراب ختم ہو ۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ضلع کرم میں امن و امان کی آئے روز بگڑتی صورتحال گہری تشویش کا اظہار اور ارباب اختیار کومتوجہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اس طرف انتہائی سنجیدگی سے غور کیا جائے کیوں ہر کچھ عرصہ بعد ضلع کرم میں عوام کے جان و مال کیلئے خطرات پیدا ہوجاتے ہیں، عام آدمی کو آمدو رفت تک میں مشکلات ہیں ان معاملات کے مستقل حل کیلئے ایک طرف اعلیٰ سطحی ، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرتے ہوئے اصل حقائق منظر عام پر لائے جائیں ، کرم سمیت پورے خطے کا امن تہہ و بالا کرنیوالوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور دوسری طرف وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ، خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت و انتظامیہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لے، عمائدین علاقہ کو بلا کر ان کے خدشات ،تحفظات کو سنایا جائے اور فوری طور پر امن قائم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے وفاقی حکومت سے بھی فوری طور پر نوٹس لینے کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت بھی اپنے ذرائع استعمال کرتے ہوئے خطے میں امن و امان کو یقینی بنائے کیونکہ یہ صورتحال ایسے ہی جاری رہی تو اس کے اثرات انتہائی منفی مرتب ہونگے اس لئے ارباب اختیار اس انتہائی نوعیت کے ا ہم معاملے کی جانب فوری طور پر سنجیدگی سے غور کرکے خطے میں امن وامان کویقینی بنائیں تاکہ عوام میں پھیلنے والی بے چینی، اضطراب ختم ہو۔