ضلع کرم میں مسلسل انسانی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
پائیدار امن کیلئے سنجیدہ عملی اقدامات اٹھائے جائیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان
صوبے کے امن پر بڑا سوالیہ نشان لگادیا ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی کا حالیہ صورتحال پررد عمل
راولپنڈی/اسلام آباد 25 ستمبر 2024ء (جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ضلع کرم میں دوبارہ کشیدہ صورتحال پیدا ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے ضلع کرم میں مسسلسل انسانی جانوں کا ضیاع ہورہاہے،پائیدار امن کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں،اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات موثر ثابت نہیں ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارا چنار کی حالیہ صورتحال پر اپنے ردعمل میں کیا ۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہاکہ ہم بارہا ارباب اختیار کو متوجہ کرچکے ہیں کہ ان مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ سطحی ، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرتے ہوئے اصل حقائق منظر عام پر لائے جائیں اور ضلع کرم و دیگر علاقوں کا امن تہہ و بالا کرنیوالوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ضلع کرم پا کستان کے خوبصورت خطوں میں شامل ہے اگر یہاں پائیدار امن قائم کیا جائے تو اس کے معاشی ثمرات سے بھی صوبہ سمیت پورا ملک مستفید ہوسکتاہے مگر افسوس امن کے حوالے سے بڑا سوالیہ نشان لگا دیا گیاہے، عمائدین علاقہ کے خدشات سنے جائیں، اصل حقائق کیلئے اعلیٰ سطحی و بااختیار کمیشن کے ذریعے غیر جانبدار و شفاف تحقیقات کرکے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ضلع کرم سمیت صوبے میں پائیدار امن کا قیام یقینی بن سکے ۔