تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی 3 روزہ دورے پرسندھ پہنچ گئے

جعفریہ پریس-  قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی شیعہ علما کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی  کے ہمراہ 3 روزہ سندھ کے دورے  پر سکھر پہنچے جہاں  مومنین نے اپنے محبوب قائد کا شاندار اور تاریخی استقبال کیا- جعفریہ پریس کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق جب قائد ملت جعفریہ پاکستان سکھر ایئر پورٹ پرپہنچے تو سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے  گئے تھے سخت سیکورٹی کے باوجود علماء کرام ، شیعہ علماء کونسل کے عہدیداران ، تنظیمی کارکنان ، سماجی مذہبی شخصیات اور کثیر تعداد مومنین نے اپنے محبوب قائد کا شاندار اور تاریخی استقبال کیا- ایئر پورٹ سے استقبالیہ ریلی کی صورت میں قائد ملت جعفریہ کو مرکزی امام بارگاہ سکھر لایا گیا جہاں موجود مومنین نے لبیک یا حسین ع کی صداؤں سے قائد ملت جعفریہ کا استقبال کیا اور جنھن قوم جو نعرو علی ولی، ان قوم جو قائد ساجد، تھنجو سائین مھنجو سائین، ساجد سائین ساجد سائین، قائد کی آمد مرحبا ،سید کی آمد مرحبا ، ہے ہماری درسگاہ ، کربلا کربلا جیسے فلک شگاف نعروں سے سکھر کی فضا  گونج اٹھی-قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مرکزی امام بارگاہ سکھرمیں  ملکی اور بین الاقوامی حالات پر خطاب کیا- اس موقع پر میڈ یائی نمائندوں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان نےسانحہ تفتان پر شدید رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان کا فرض بنتا ہےکہ وہ زائرین کا تحفظ یقینی بنائے، ہمارا حق بنتا ہے کہ ہم اسی راستے سےجائیں اور ہم جائینگے ،تمام زائرین جہاز سے سفر نہیں کرسکتے، میں وزیر داخلہ سے پوچھتا ہوں جنہوں کہا ہے کہ زائرین جہاز سے جائیں تو جو جہاز سے نہیں جا سکتے وہ کیسے جائینگے ؟  قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ زائرین کا بارڈر تک جانے اور آنے کا تحفظ یقنی بنائے اگر نہیں دے سکتے تو ہمیں بتاؤ ہم خود زائرین کے آنے اور جانے کا تحفظ کرینگے پھر یہ ملک جس طرف جائےگا اور جو کچھ ہوگا اسکی ذمداری تم پر عائد ہوگی – بعد ازآں قائد ملت جعفریہ نے علماء کرام ، تنظیمی کارکنان اور مومنین کے مختلف وفود سے ملاقاتیں کی – سکھرمیں مختصر قیام کے بعد قائد ملت جعفریہ پاکستان ایک شاندار قافلے کی شکل میں کوٹڈیجی خیر پور روانہ ہوئے اور جہاں پر مختلف ملاقاتیں اور تعزیتیں کی – جعفریہ پریس کی رپورٹ کے مطابق آج قائد ملت جعفریہ پاکستان  ببرلو میں حجت السلام علامہ ثابت علی نجفی کے مدرسے کے سالانہ پروگرام میں صدارتی خطاب کرینگے-