تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ پاکستان کے حکم کے منتظر ہیں تاکہ ملک کو اتحاد و امن کا گہوارہ اور شیعہ مکتب سمیت تمام مکاتب فکر کے پیروکاروں کے لیے جائے امن بنایا جا سکے

جعفریہ پریس – جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلٰی سید اظہار بخاری نے ہاشمی ہوٹل تفتان میں پیش آنے والے واقعہ کے نتیجے میں بےگناہ زائرین کی شہادت کے المناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مسلسل نہ رکنے والے سلسلے اور اس کے مستقل تدارک کے لیے جوانوں کی مکمل بیداری سب سے پہلے ضروری ہے، جس کے بعد قوم کے دیگر طبقات کو بیدار کرکے دہشت گردی اور دہشت گرد دونوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے کیونکہ اب وقت گذرنے کے ساتھ وہ تمام راستے مسدود ہوتے جا رہے ہیں جن کے ذریعے امن کا قیام ممکن ہو سکتا ہے۔
مختلف ڈویژن اور اضلاع کے ناظمین کے ساتھ رابطے کے دوران انہیں ہدایات دیتے ہوئے سید اظہار بخاری نے کہا کہ ہم جعفریہ یوتھ کے فورم سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کی طرف سے اعلان کردہ تین روزہ سوگ اور احتجاج کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں لہذٰا جعفریہ یوتھ کے جوانوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ منعقد کردہ تمام پروگراموں و اعلانات کی کامیابی کے لیے اپنے آپ کو حاضر رکھیں اور شیعہ علماء کونسل کے بزرگان کے حکم کے مطابق پروگراموں کو منظم کرنے اور منعقد کرنے میں فرنٹ مین کا کردار ادا کریں۔
جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلٰی نے کہا کہ پاکستان کے جوان ان سنگین حالات کا صبر و حکمت سے مقابلہ کر رہے ہیں اور قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم اور پالیسیوں کے منتظر ہیں تاکہ ملک کو اتحاد و امن کا گہوارہ اور شیعہ مکتب سمیت تمام مکاتب فکر کے پیروکاروں کے لیے جائے امن بنایا جا سکے۔ ہم شتر بےمہار کی طرح بےرہبر و بےہدف نہیں ہیں بلکہ منزل بھی رکھتے ہیں اور راستے بھی۔ لہذا پاکستان کی تقدیر بگاڑنے کی کوشش کرنے والے تمام عناصر یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ جب بھی ہمیں حکم ہوا ہم مکمل آمادگی اور تیاری کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گے۔