متحدہ مجلس عمل کی تشکیل سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا، مضبوط جمہوریت کے لئے احتساب ضرور ی ہے، شیعہ علماکونسل
صوبائی تنظیم کے انتخابات مئی میں کروانے کا فیصلہ ، صوبائی اجلاس میں علامہ سیدعبدالجلیل نقوی ،شہیدڈاکٹر محمد علی نقوی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
لاہور ( ) صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی زیر صدارت منعقد ہونے والے شیعہ علماکونسل پنجاب کے کابینہ اجلاس میں قراردیا گیا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور ملکی استحکام کے لئے احتساب ضرور ی ہے۔ آئینی اداروں کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔نیب اورعدلیہ کے تحرک کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ تحریک جعفریہ پر سے سپریم کورٹ پابندی اٹھا چکی ہے۔ مگر ابھی تک حکومت نے نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا۔جوکہ توہین عدالت ہے۔ چیف جسٹس کو اس بات کا بھی نوٹس لینا چاہیے۔آئندہ انتخابات میں قائد ملت اسلامیہ علامہ سید ساجد علی نقوی حفظہ اللہ کی قیادت میںبھر پور کردار ادا کریں گے۔ متحدہ مجلس عمل کی تشکیل سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا۔ اور اتحاد بین المسلمین کی فضا قائم ہوگی۔ایم ایم اے کے حوالے سے مرکز کی طرف سے آنے والی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں تنظیمی امور کو تسلی بخش اور تمام ضلعی انتخابات کو آئینی قرار دیتے ہوئے صوبائی تنظیم کے انتخابات مئی میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔جس کی حتمی تاریخ کا اعلان قائد ملت اسلامیہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت کے مطابق کیا جائے گا۔ اجلاس میں مولانا مو سیٰ رضا جسکانی، مولانا حافظ کاظم رضا نقوی ،مولانا اشتیاق کاظمی،ایم ایچ نقوی، حاجی اظہرعباس، پروفیسر ذوالفقار حیدر،مرزا تقی علی،فرزند علی چھچھر،مولانا غلام قاسم جعفری ، جعفرنقوی، شہباز نقوی، بابر نقوی،ڈاکٹر ممتاز حسین، عامر علی بھٹی، اور دیگرنے شرکت کی۔اجلاس میں میڈیکل کالجوں میں فیسوں کے اضافے پر سپریم کورٹ کی طرف سے نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہوئے یکساں نظام تعلیم اور سستی تعلیم کے اجرا کا مطالبہ کیا گیا۔اس پر بات پر تشویش کا اظہارکیا گیا کہ بچیوں کے ساتھ زیادتی کے رپورٹ ہونے والے واقعات میں اضافہ ہوتاجارہاہے۔جوکہ معاشرتی تباہی اور بے راہروی کااظہار ہے۔ اجلاس میں مہنگائی خصوصا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے دعووں کو جھوٹ قراردیا گیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 23 ویں برسی کے اور سابق صوبائی صدر علامہ سیدعبدالجلیل نقوی کی رحلت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مرحوم نے بہت مشکل حالات میں قائد ملت اسلامیہ کا ساتھ دیا۔ اور تنظیمی امور کو پنجاب میں جاری رکھا۔دونوں رہنماوں کی تنظیمی خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ ڈویژنل جنرل سیکرٹری راولپنڈی سید جعفر نقوی کی والدہ محترمہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور شہد ا و مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔