اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی نے بھارتی قرار داد مسترد کر دی
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی نے بھارتی قرار داد مسترد کر دی ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق قرار داد میرٹ پر مبنی نہیں تھی اور اس کے پیچھے سیاسی مقاصد کار فرما تھے ۔ بیان کے مطابق بھارت دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے آلے کے طور پر استعمال کرتا ہے جس کا مقصد پاکستان میں دہشت گردی کی معاونت، پشت پناہی اور مالی مدد کرنا ہے ۔ پاکستان بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا براہ راست شکار رہا ہے ۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے گرفتار افسر کلبھوشن یادیو کا اعترافی بیان بھارت کی پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کا ٹھوس ثبوت ہے ۔ بیان کے مطابق بھارت کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں اور بھارت کی انسداد دہشت گردی سے متعلق کوئی ساکھ نہیں ۔ پاکستان آنے والے دنوں میں بھارتی مداخلت کے مزید ثبوت اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو پیش کریگا ۔ بھارت کے پاکستان کے خلاف الزامات کا مقصد اسکا اپنی دہشت گرد کارروائیوں پر پردہ ڈالنا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں میں پاکستان کا بھرپور کردار اور قربانیاں ہیں اور پاکستان اس حوالے سے عالمی برادری سے تعاون جاری رکھے گا ۔