تازه خبریں

امن و مصالحتی کمیٹی کے رکن اور قومی رہنما ملک ظہیر حسین بنگش پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے ہنگو میں امن و مصالحتی کمیٹی کے رکن اور قومی رہنما ملک ظہیر حسین بنگش پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس واقع کو ہنگو جیسے حساس علاقے کی پرامن فضاکو ثبو تاژ کرنے کے مترادف قرار دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں ملک ظہیرحسین بنگش کی عیادت کے بعد وہاں پر موجود ہنگو کے زعماء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل پشاور کے ضلعی صدر آخونزادہ مجاہد علی اکبر اورضلعی اراکین کابینہ علی عرفان میر،احمد علی جعفری ،سید مرتضیٰ عباس رضوی،حبدار حسین اور سید تیمور شاہ کاظمی بھی موجو دتھے ۔قائدملت جعفریہ کے ترجمان زاہدعلی آخونزادہ کاکہنا تھا کہ ایک بڑے وقفے کے بعد ہنگو امن کمیٹی کے ممبر اور قومی رہنما ملک ظہیر حسین بنگش پر قاتلانہ حملہ علاقائی اور صوبائی سطح پرامن و امان خراب کی صورتحال کو خراب کرنے کی سازش ہے۔تاہم انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں گرفتارہونے والے حملہ آور سے درست سمت میں تفتیش کرکے پس پر دہ محرکات کو سامنے لایا جائے جو مستقبل میں ایسے دہشتگردانہ واقعات کے تدارک میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے ملک ظہیر حسین بنگش کوقائدملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکز کی جانب سے واقعے کی مذمت ،اُن کے مجروع ہو نے پر ہمدردی اور صحت و تندرستی کے لئے دُعائیہ پیغام بھی پہنچایا ۔واضح رہے کہ امن کمیٹی ہنگو کے رکن ملک ظہیر حسین بنگش کو گذشتہ روز اس وقت دو موٹر سائیکل سوار وں نے حملہ کرکے شدید زخمی کر دیا تھا جب وہ اپنی گاڑی میں مین بازار سے گھرجا رہے تھے ۔تاہم ملک ظہیر حسین کے باڈی گارڈ کی جوابی فائرنگ سے زخمی حملہ آور کو موقع پر پولیس نے گرفتار بھی کر لیا تھا ۔