قائد ملت جعفریہ علا مہ ساجد نقوی کی جانب سے صدر، وزیراعظم کو خطوط ارسال
محرم الحرام و صفر المظفرمیں مجالس، محافل اور جلوس ہائے عزا کے انعقاد کو بلارکاوٹ و آزادی کیساتھ یقینی بنایا جائے
امام عالی مقام اور فلسفہ کربلا کے حوالے سے کنونشنل میڈیا پر خصوصی کوریج کی روایات کو برقرار رکھا جائے، قائد ملت جعفریہ
راولپنڈی /اسلام آباد14 جولائی 2023ء ( جعفریہ پریس پاکستان)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ ارباب اختیار محرم الحرام میں مجالس، محافل اور جلوس ہائے عزا کے انعقاد کو بلارکاوٹ و آزادی کیساتھ یقینی بنانے کے اقدامات جاری کریں، محرم و صفر المظفرکے ایام کو لوڈشیڈنگ فری ایام بھی قرار دیئے جائیں تاکہ نہ صرف عقیدت مندان شہدائے کربلا کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کرسکیں بلکہ دہشت گردی و تخریب کاری کو ناکام بنانے میں یہ عمل معاون ثابت ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے صدر مملکت عارف الرحمن علوی اور وزیراعظم میا ں محمد شہبازشریف کو الگ الگ خطوط کے ذریعے آمدہ ماہ مقدس محرم الحرام 1445ھ و صفر المظفر کے اہم امور بارے متوجہ کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہاکہ پوی دنیا، عالم اسلام کی طرح پاکستان میں بھی تمام مسلمانو ںسمیت دیگر مذاہب کے لوگ امام انسانیت، امام عالی مقام اور ان کے رفقاء کو اپنے اپنے انداز میں گلہائے عقیدت پیش کرتے ہیں ان کی یاد مناتے ہیں اسی سلسلے میں مختلف انداز میں مجالس، محافل، جلوس ہائے عزا کا انعقاد ملک کے طول و عرض میں ہوتاہے،انہوں نے متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ مجالس، محافل اور جلوس ہائے عزا کے انعقا د کی بجاآوری یقینی بنایا جائے، یکم تا 10محرم الحرام میںامام عالی مقام ، شہدائے کربلا اور فلسفہ کربلا کے حوالے سے (کنونشنل میڈیا)الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرامز،نشریے اور پرنٹ میڈیا پر خصوصی کالمز ، مضامین اورخصوصی ضمیمے (سپیشل ایڈیشنز)کی سابقہ روایات کو برقرار رکھا جائے اور محدودیت سے گریز کیا جائے جبکہ ان ایام میں بجلی کے ترسیلی نظام کو یقینی و موثر بنایا جائے تاکہ ایک طرف عقیدت مندان شہدائے کربلا کو بھرپور انداز میں جہاں خراج تحسین پیش کرسکیں وہیں دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے مذموم مقاصد کو بھی ناکام بنانے میںیہ عمل معاون ثابت ہوسکے۔