تازه خبریں

ایران پر امریکی اسرائیلی جارحیت اور رہبر انقلاب سید علی خامنہ ای کی شہادت پر یوم احتجاج کا اعلان

ایران پر سامراجی جارحیت: ملک بھر میں احتجاج ہوگا ترجمان قائد ملت جعفریہ

ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران پر امریکہ و اسرائیل کی جارحیت کے خلاف، آیت اللہ العظمیٰ رہبر انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای سمیت اہم شخصیات کی شہادت اور برادر اسلامی ملک کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی و خطے میں کشیدگی کے خلاف یوم جمعہ 6 مارچ 2026ء کو یوم احتجاج کے طور پر منایا جائے گا۔

اجتماعات جمعہ میں آئمہ جمعہ و خطباء نہ صرف خطے کی تازہ ترین صورتحال پر عوام الناس کو آگاہ کریں گے بلکہ مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور صدائے احتجاج بھی بلند کی جائے گی۔

ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ صہیون و سامراج سے امن کی توقع کرنا عبث اور خام خیالی ہے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان ایک عرصہ قبل کہہ چکے تھے کہ عالمی سامراج کے سامنے دنیا کا امن نہیں بلکہ اپنے قبیح مفادات ترجیح ہیں، اسی وجہ سے تمام بین الاقوامی اداروں اور بین الاقوامی چارٹرز کو روندتے ہوئے ظلم کی وہ تاریخ حالیہ دور میں رقم ہوئی جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں کم کم ہی ملتی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بروز جمعہ 6 مارچ 2026ء پورے ملک بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں اجتماعات جمعہ میں مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور صہیونی و سامراجی مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بھی بلند ہوگی۔

انہوں نے ایک بار پھر مظاہرین پر ہونے والی براہ راست فائرنگ، شہید ہونے والے خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کے ساتھ مطالبہ کیا کہ بلاجواز گرفتار افراد کو فی الفور رہا کیا جائے اور شفاف تحقیقات کر کے پرامن مظاہرین پر فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ہولی کا تہوار سوگ کے سبب سادگی سے منانے اور بعض جگہوں پر ہولی تقاریب کا انعقاد نہ کرنے پر ہندو برادری سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ظالم و قاتل صہیون و سامراج نے پوری انسانیت پر مظالم کی سیاہ رات طاری کر رکھی ہے، ایسے میں امن کے لئے تمام امن پسند قوتوں کے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔