یو اے ای سے پاکستانیوں کی بے دخلی تشویشناک، حکومت فوری نوٹس لے: ترجمان قائد ملت جعفریہ
متحدہ عرب امارات سے پاکستانی ورکرز کی بے دخلی پر ترجمان قائد ملت جعفریہ کا اظہار تشویش، حکومت سے فوری سفارتی اقدامات کا مطالبہ۔
اسلام آباد 2 اپریل 2026ء ( جعفریہ پریس پاکستان ) ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے مشخص کرکے نوکریوں سے فارغ کرنے کے ساتھ بے دخل کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ و وزارت اوورسیز پاکستانیز کو متوجہ کیا ہے کہ اس حوالے سے مناسب اقدامات اٹھا کر یہ سلسلہ رکوایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ملک کے مختلف حصوں میں متحدہ عرب امارات سے بے دخل کئے جانے والے ورکرز کی بے دخلی اور وطن واپسی کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس معاملے پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کو بھی گہری تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک خصوصاً متحدہ عرب امارات کے مختلف شعبوں میں خدمات اور تعمیر و ترقی میں پاکستانی ماہرین اور ورکرز نے غیر معمولی خدمات سرانجام دی ہیں۔ سخت ترین حالات میں بھی انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن انداز میں ادا کیا، مگر مخصوص کرکے بے دخل کرنا انتہائی تشویشناک عمل ہے، جس میں سفارتی ضوابط اور لیبر قوانین کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ڈپٹی وزیر اعظم، وزارت خارجہ اور وزارت اوورسیز پاکستانیز کو متوجہ کیا کہ وہ اس معاملے پر فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائیں تاکہ اس سلسلے کو روکا جا سکے، کیونکہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں بلکہ براہ راست پاکستانی عوام بھی متاثر ہو رہے ہیں۔