نجف اشرف میں قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی اہلیہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے مجلسِ ترحیم منعقد
نجف اشرف (عراق): قائد ملت جعفریہ پاکستان، سربراہ اسلامی تحریک پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی دام ظلہ الاقدس کی رفیقۂ حیات مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دفتر قائد نجف اشرف کے زیر اہتمام ایک مجلسِ ترحیم منعقد کی گئی، جس میں حوزۂ علمیہ نجف اشرف کی مختلف علمی و دینی شخصیات، مکاتبِ فکر کے نمائندگان، اساتذۂ کرام، طلاب اور پاکستانی طلبہ کی مختلف تنظیموں نے شرکت کی۔
مجلسِ ترحیم میں مکتبِ آیت اللہ العظمیٰ رہبر معظم انقلاب اسلامی سید مجتبیٰ خامنہ ای دام ظلہ، مکتبِ آیت اللہ العظمیٰ شیخ بشیر حسین نجفی، مکتبِ آیت اللہ العظمیٰ سید محمد سعید الحکیمؒ، سماحۃ آیت اللہ سید صادق الخرسان، مکتبِ امام جمعہ نجف اشرف سید صدر الدین القبانچی، مکتبِ آیت اللہ سید علاء الموسوی الغریفی اور حجۃ الاسلام والمسلمین سید لطیف الحسینی سمیت متعدد علمی و دینی مراکز کے نمائندگان شریک ہوئے۔
اس موقع پر حوزۂ علمیہ نجف اشرف عراق میں مقیم پاکستانی طلاب، مختلف ہیئات، اساتذۂ کرام اور معزز شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
مجلس کے اختتام پر نمائندۂ قائد ملت جعفریہ پاکستان در نجف اشرف، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد سلیم انور النجفی نے مجلسِ نظارت، مجلسِ عاملہ، کابینہ اور مجلسِ مشاورت کی جانب سے تمام مکاتب، ہیئات، علمائے کرام، اساتذہ، طلاب اور شرکائے مجلس کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔





















