جعفریہ پریس – شیعہ علماء کو نسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر سید وزارت حسین نقوی اور سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ دہشت گرد اور شر پسند، انسانیت اور امن کے دشمن ہیں۔ دہشتگردوںاور شرپسندوں کا کوئی مذہب نہیںان لوگوں سے پاکستانی عوام اور اعلیٰ افسران اور ادارے تک محفوظ نہیں، ایک سازش کے تحت ملک کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے عوام متحدہوکر ملک دشمن عناصرکے عزائم خاک میں ملادیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شیعہ علماء کونسل پاکستان کی سینٹر ل کمیٹی کے اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں پنجاب ، سندھ ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ ، آزاد کشمیر ، اور گلگت بلتستان سے آئے ہوئے سینڑل کمیٹی کے ممبران موجود ہیں ۔ شیعہ علماء کو نسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر سید وزارت حسین نقوی اور سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا ہے کہ ہم ملک بھر میں ہونے والے واقعات جن میں سانحہ راولپنڈی ، چشتیاں ، ملتان اور ملک بھر کے دیگر شہروں بالخصوص کراچی میں ہونے والے یکے بعد دیگرے دوبم دھماکوں پر تشویش کااظہار کرتے ہیں اور ان کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ اور حکومت کی توجہ شرپسندوں کی جانب سے امام بارگاہوں ، مساجد اور املاک کو نقصان پہنچانے اور زخمیوں کے علاج معالجہ کی طرف مبذول کرواتے ہیںکہ امام بارگاہوں ،مساجد اور املاک کے نقصان کو پورا کیا جائے اور ان واقعات میں ملوث افراد کو فوراً گرفتار کیا جائے اور ہمارے بے قصور افراد کی بلاجواز گرفتاریوں سے اجتناب کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی ملک دشمن عناصر کی ایک سازش ہے جووطن عزیز میں فرقہ وارانہ فسادات کروا کر اپنے مذمو م مقاصد حاصل کرناچاہتے ہیں اس لئے عوام اتحاداور باہمی رواداری و بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائیں۔ بعد ازاں انہوںنے مذکورہ بالاواقعات میں جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ زخمیوں کی بھی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ آخر میں سینٹرل کمیٹی کے اجلاس میں قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی شرکت کی ،اجلاس میں محرم الحرام میں پیش ہونے والے واقعات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا ۔