تازه خبریں

شیعہ علماء کونسل پاکستا ن کا پارا چنار کی عوام کے دھرنے کی حمایت کا اعلان

شیعہ علماء کونسل پاکستا ن کا پارا چنار کی عوام کے دھرنے کی حمایت کا اعلان

شیعہ علماء کونسل پاکستا ن کا پارا چنار کی عوام کے دھرنے کی حمایت کا اعلان
 اگر مقامی عوام کے مطالبات کو فی الفور تسلیم کرتے ہوئے ضلع کرم کے راستے جلد از جلد نہ کھولے گئے تو یہ حمایت ملک بھر میں احتجاج کا رخ اختیار کر سکتی ہے
 زمینی کشیدگی پر شروع ہونے والے تنازعہ کے حل میں حکمرانوں کی خاموشی اور عدم دلچسپی جانی ضیاع کا باعث بنی اور زمینی تنازعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دیا گیا، علامہ شبیر حسن یثمی
کرم پارا چنار انسانی المیہ سے تاحال دو چار ہے اور سوا دو ماہ کے اس تعطل سے کئی معصوم بچے اور بزرگ ادویات نہ ہونے کے باعث رحلت کر چکے ہیں، مرکزی سیکرٹری جنرل
اسلام آباد/ راولپنڈی25  دسمبر 2024 ء (      جعفریہ پریس پاکستان         ) شیعہ علماء کونسل پاکستان نے ضلع کرم کے راستوں کی بندش کے باعث ادویات اور دیگر اشیائے زندگی کی قلت سے پیدا شدہ انسانی جانوں کے ضیاع پر منعقدہ پارا چنار کی عوام کے دھرنے کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور حکمرانوں کو متنبہ کیا ہے کہ اگر مقامی عوام کے مطالبات کو فی الفور تسلیم کرتے ہوئے ضلع کرم کے راستے جلد از جلد نہ کھولے گئے تو یہ حمایت ملک بھر میں احتجاج کا رخ اختیار کر سکتی ہے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے پارا چنار کی مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زمینی کشیدگی پر شروع ہونے والے تنازعہ کے حل میں حکمرانوں کی خاموشی اور عدم دلچسپی جانی ضیاع کا باعث بنی اور زمینی تنازعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دیا گیا۔ انہوں کہا کہ قائدِ ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ کی فوری اور خصوصی ہدایت پر ان واقعات کی سنگینی سے حکمرانوں اور قانون نافذ کرنے اداروں کے اعلی حکام کو بار بار متوجہ کیا گیا، لیکن کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے جس سے مقامی علاقے پارا چنار پر اطراف سے حملہ آور دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہوئے اور عوام کو  بدترین دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تب بھی گورنر کے پی کے سے بار بار ملاقاتیں کر کے ان کو مزید واقعات کے تدارک کے لیے قاتلوں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا گیا،

صوبائی حکمرانوں سے بھی رابطوں کے باوجود وزیر اعلی سمیت کسی نے بھی اس اہم مسلے پر توجہ نہیں کی جو افسوسناک ہے۔انہوں نے عوام کے اس مظلومانہ قتل عام پر صوبائی و مرکزی حکمرانوں کے یوں چپ سادھنا کی مذمت کی۔ انہوں مذید کہا کہ ظلم بالا ظلم یہ کہ مظلوم مقامی عوام کی داد رسی کی جاتی ضلع کرم کی عوام کے قتل عام کے بعد ان کے راستوں کو مسدود کر کے ان کا رابطہ ملک کے دیگر حصوں سے منقطع کر دیا گیا۔ جس کے باعث ادویات اور دیگر اشیائے زندگی کی رسد نہ ہونے کے وجہ سے پارا چنار انسانی المیہ سے تاحال دو چار ہے اور سوا دو ماہ کے اس تعطل سے کئی معصوم بچے اور بزرگ ادویات نہ ہونے کے باعث رحلت کر چکے ہیں لیکن ابھی بھی حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے بتایا کہ عمائدین پارا چنار نے اسلام آباد میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ کی موجودگی میں علماء کرام سے ملاقات کے بعد ایک متفقہ اعلامیہ جاری کیا جس میں ایک بار پھر ضلع کرم کے راستوں کو کھولنے اور عوام کو تحفظ فراہم کر کے ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ باہم پہنچانے کا مطالبہ کی گیا لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ حکمران کا عوام کو تحفظ فراہم کرنا تو درکنار الٹا اپنے ان اقدامات سے وہ پارا چنار کی عوام کے مذید قتل عام کی مرتکب ہو رہے ہیں۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع کرم کی عوام کی جانب سے شروع کیے گئے دھرنے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے عوام کو آمادہ رہنے کی تلقین کرتی ہے اور اگر حکمرانوں نے پارا چنار کی عوام کے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم نہ کیا تو پارا چنار کے دھرنے سے یکجہتی کے طور پر ملک بھر میں بھرپور احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گا

جو مظلوم عوام کی داد رسی تک جاری رہے گا۔ انہوں نے انسانی حقوق کے علمبرداروں, ہیومن رائٹس کی عالمی تنظیموں، صحافتی تنظیموں، وکلاء اور دیگر قوتوں سے بھی پاکستان کے ضلع کرم کی مظلوم عوام کے اس قتل عام پر صدائے احتجاج بلند کرنے کی اپیل کی۔   زاہد علی آخونزادہ