تازه خبریں

ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی برسی پر قائد ملت جعفریہ کا پیغام

ڈاکٹر محمد علی نقویؒ شہید کی 31ویں برسی قائد ملت جعفریہ کا پیغام

راولپنڈی/اسلام آباد، 6 مارچ 2026ء (جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے معروف معالج، سماجی شخصیت اور مذہبی گھرانے کے چشم و چراغ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی 31ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید نہ صرف سماجی و رفاہی امور میں متحرک اور فعال کردار ادا کرتے رہے بلکہ ملی حوالوں سے بھی منظم اور مربوط انداز میں خدمات انجام دیتے رہے جو تادیر یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی داخلی سلامتی اور استحکام کے لیے ایک جانب اتحاد و وحدت کی بنیاد رکھ کر انتشار و افتراق، بدامنی اور انارکی کی فضا کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، جبکہ دوسری جانب مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، دانشوروں، ماہرین اور کارکنان نے قیمتی جانوں کی قربانیاں دے کر ملک کو تباہی و بربادی اور خانہ جنگی سے محفوظ بنایا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید جیسی متحرک اور فعال شخصیت کی شہادت اسی جدوجہد کا تسلسل تھی۔ وہ ہمیشہ ملی پلیٹ فارم سے وابستہ رہے اور صوبائی و مرکزی عہدیدار کی حیثیت سے قومی و ملی خدمات انجام دیتے رہے جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی یاد منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے دیے ہوئے رہنما اصولوں کو مشعلِ راہ بنایا جائے، مذہب و ملت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا جائے اور معاشرے میں وحدت و یکجہتی کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی پیار و محبت اور الفت کو عام کر کے اور متحد ہو کر ہی اپنے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے اور یہی شہداء کے مشن کی حقیقی تکمیل ہے۔